جموں، 27؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )جموں ضلع میں بین الاقوامی سرحد سے متصل آرایس پورہ اور ارنیا سیکٹرمیں پاکستانی فوجیوں کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 15سے زیادہ سرحدی چوکیوں اور 29بستیوں پر مارٹر بموں اور خود کار ہتھیاروں سے کی گئی بھاری فائرنگ میں بی ایس ایف کا ایک جوان شہید ہو گیا جبکہ 6 دیگر زخمی ہو گئے۔بی ایس ایف کے ایک سینئر افسر نے بتایاکہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کے دوران فائرنگ میں ہیڈ کانسٹیبل کے سر میں چوٹیں آئی تھی، وہ شہید ہو گیا۔نوجوان کی شناخت بہار کے موتیہاری ضلع کے رہائشی جتیندر کمار کے طور پر کی گئی ہے۔جموں ضلع میں بین الاقوامی سرحد پر ارنیا اور آرایس پورہ سے لگی 20سے زائد بستیوں پر پاکستانی فوجیوں نے فائرنگ کی اور 15سے زیادہ سرحدی چوکیوں کو بھی نشانہ بنایا جس کا بی ایس ایف کے جوانوں نے منہ توڑ جواب دیا۔ایک پولیس افسر نے بتایاکہ جموں ضلع کے آرایس پورہ اور ارنیا سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر سرحد ی چوکیوں اور بستیوں پر رات بھر بھاری فائرنگ کی گئی اور مارٹر داغے گئے، یہ کاروائی آج صبح تک جاری تھی ۔آج صبح ہوئی فائرنگ میں آر ایس پورہ کی کھوپرا بستی پٹی میں 6 شہری زخمی ہو گئے۔انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
بی ایس ایف کے ایک اہلکار نے بتایا کہ پاکستانی فوجیوں نے ہندوستان کی طرف رات آٹھ بج کر 35منٹ پر فائرنگ کی اور مارٹر داغنے شروع کردئیے ۔جموں کے ڈپٹی کمشنر سمرندیپ سنگھ نے بتایاکہ کل رات ارنیا کی طرف بھاری مارٹر داغے گئے۔پاکستانی رینجرز کی طرف سے داغے گئے ایک گولوں کی زد میں آکر بارڈر سیکورٹی فورس کا ایک اہلکار کل زخمی ہو گیا تھا۔جموں میں بین الاقوامی سرحد سے متصل آرایس پورہ سیکٹر میں یہ گولہ افسر کے نزدیک پھٹ گیا تھا۔گزشتہ دو دنوں میں آرایس پورہ سیکٹر میں سرحد پار سے کی گئی فائرنگ میں اب تک 16افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں زیادہ تر خواتین ہیں۔آرایس پورہ سیکٹر میں کل بی ایس ایف کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر اے کے اپادھیائے کے قریب ایک گولہ پھٹ گیا تھا جس کے ٹکڑے ان کے سر میں لگے تھے۔آرایس پورہ اور ارنیا میں 25؍اکتوبر کو گولے داغے جانے کی وجہ سے 8 شہری زخمی ہو گئے تھے۔